کورونا وائرس؛ پاکستان میں آئینی تقاضے کی عدم تکمیل کا امکان
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں آئینی تقاضے کی عدم تکمیل کا امکان بڑھ گیا جس کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس 21 اپریل کو طے کرے گا کہ اس وبا کے تناظر میں قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کیسے منعقد کیا جائے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، فنانس بل پاس کرنے کے لیے بجٹ سیشن کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے اور جب قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوتا تو اسے منظور نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں عملے کے 2 ممبروں میں کورونا وائرس کے مثبت نتائج آچکے ہیں۔
عملے کے دونوں ممبران میں وائرس کی نشاندہی کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت 3 دن (جمعہ سے اتوار) کے لیے بند کردی گئی تھیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے اختتام سے 2 ماہ قبل اپریل میں اپنا آخری بجٹ پیش کیا لیکن پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد بجٹ کی پیش کش کے عمل میں کچھ ترامیم کیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ایک نوٹی فکیشن کے مطابق وبائی امراض کے دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل سیشن سے متعلق خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس 21 اپریل کو شام ساڑھے 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی روم نمبر 2 میں ہوگا۔