گلگت بلتستان کے ضلع نگر سےکورونا وائرس کا خاتمہ


گلگت بلتستان کے ضلع نگر سےکورونا وائرس کا خاتمہ

ضلع نگرکے آئسولیشن سنٹر میں موجود کرونا کا آخری مریض بھی صحتیاب ہوگر گھرلوٹ گیا

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ضلع نگر کی انتظامیہ، نگر کے دونوں اراکین اسمبلی، سپریم کونسل نگر، انجمن حسینہ نگر ،محکمہ صحت اور نگر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی کوششوں اور عوام کے تعاون کی وجہ سے 45دن کی قلیل مدت میں ضلع نگر کرونا فری ضلع بن گیا اور آئسولیشن سنٹر میں موجود کرونا کا آخری مریض بھی صحت یاب ہو گیا۔
 مریض کی رپورٹ منفی آنے پر ہفتہ کے روز آئسولیشن سنٹر سے فارغ کر دیا گیا گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے آغاز کے ساتھ ہی نگر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا تھا اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ضلع نگر کرونا وائرس کے 87مریضوں کے ساتھ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بن گیا تھا۔
اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان نے ضلع نگر کے چار علاقوں کو ریڈزون قراردیا تھا صورتحال کی شدت کا احساس کرتے ہوئے ضلع نگر سے تعلق رکھنے والے دونوں اراکین اسمبلی پی پی کے جاوید حسین اور ایم ڈبلیو ایم کے حاجی رضوان حرکت میں آگئے اور انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ رابطوں کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کردار ادا کیا، ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ بالاخصوص ضلع نگر کے ڈپٹی کمشنر شاہ رخ چیمہ نے سخت اقدامات کیے اور پورے ضلع کو لاک ڈائون کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر تمام علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیتے رہے، جبکہ سپریم کونسل نگر اور انجمن حسینیہ نگر نے اپنے دفاتر عارضی طور پر ضلع نگر منتقل کیے اور عوام کو شعور دینے میں مصروف ہوگئے ضلع نگر میں موجود تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہوکے کرونا وائرس کے خلاف اقدامات میں مصروف ہو گئیں۔
نگر کی انتظامیہ، دونوں اراکین اسمبلی سپریم کونسل نگر، انجمن حسینیہ نگر اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر کرونا وائرس کے خلاف متحدہ ہو کر کرونا کے نام پر سیاست سے گریز کیاجس کی وجہ سے قلیل مدت میں نگر کے عوام نے کرونا وائرس کو شکست دے کر دیگر اضلاع کے عوام کو پیغام دیا کہ اگر عوام اور سیاسی جماعتیں متحد ہوکے انتظامیہ اور حکومت سے تعاون کریں اور کرونا پر سیاست سے گریز کریں اور حکومت و انتظامیہ سے تعاون کریں۔
 حکومتی ہدایات پر عمل کریں تو آسانی سے نہ صرف کرونا وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے بلکہ کرونا وائرس سے بچا بھی جا سکتا ہے، اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت گلگت بلتستان اور افواج پاکستان نے بھی ہر ممکن اقدامات کیے۔
 فورس کمانڈر میجر جنرل احسان محمود خان نے نگر کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرین مں امداد بھی تقسیم کیں اس طرح محکمہ ضلع نگر نے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جبکہ نگر کے رضاکاروں نے ضلع نگر میں لاک ڈائون پر عملدرآمد کرانے کیلئے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری