عراق؛ داعش کا خطرناک منصوبہ ناکام/صلاح الدین میں متعدد ٹھکانے تباہ


عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کا کہناہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا ایک خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا گیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حشد الشعبی کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ صوبہ دیالی کے علاقے ''حوض حمرین'' میں خفیہ اطلاع پر تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

حشد الشعبی کے اعلی اہلکار ''صادق الحسینی'' کا کہنا ہے کہ بعقوبہ کے مشرقی علاقے سے 59 کلومیٹر کے فاصلے پرامریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تین مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ داعشی دہشت گرد متعدد نہتے شہریوں کے قتل عام میں ملوث تھے۔ الحسینی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران داعش کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد داعشی گرفتار کرکے ملک کو خطرناک دہشت گردی دے بچالیا گیا ہے۔

حشد الشعبی کے اعلی اہلکار کا کہناہے کہ صوبہ صلاح الدین میں بھی داعش کے متعدد خفیہ ٹھکانے تباہ کردیے ہیں۔ صوبہ صلاح الدین کے السلام اور البوہراط میں داعش کے خلاف زبردست کارروائی کی جس کے نتیجے میں متعدد تکفیری ہلاک یا زخمی ہوئے۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران عراق کے مختلف علاقوں میں داعش کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ واضح رہے کہ عراق اور شام میں موجود تکفیری دہشت گردوں کو امریکا، اسرائیل اور بعض خلیجی ممالک کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔