حیدر آباد، جیکب آباد اور اندورن سندھ میں ابھی تک عزادار رہا نہیں ہوئے، علامہ حسن ظفر
معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہاہے کہ کراچی میں گرفتار کئے گئے تمام عزادار وں کو حکومت نے رہا کر دیا ہے لیکن حیدر آباد،جیکب آباد اوراندورن سندھ میں ابھی تک عزادار رہا نہیں ہوئے ہیں
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہاہے کہ سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے شہر بھر میں بازار کھلے ہیں سڑ کوں پر ٹریفک جام ہے لیکن امتیازی سلوک عزادار وں کے ساتھ کیا گیا ایس او پیز کے تحت ہی مجالس و جلوس عزا برپا کر رہے تھے اگر کہیں بھی کوئی بد نظمی کی صورتحال ہوئی تو اس کی وجہ خود حکومت سندھ تھی کیونکہ حکومت ہر روز ایک نیا نو ٹیفیکیشن جاری کر رہی تھی جس کے نتیجے میں بے چینی کی فضا قائم رہی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرفتار کئے گئے تمام عزادار وں کو حکومت نے رہا کر دیا ہے لیکن حیدر آباد،جیکب آباد اوراندورن سندھ میں ابھی تک عزادار رہا نہیں ہوئے ہیں اور اُن پر مقدمات قائم کر دئیے گئے جو افسوسناک عمل ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اندورن سندھ میں عزاداروں کو رہا ، مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں اور روزے دار عزاداروں پر تشدد کے ذمہ دار افسران کو فوری طور پر بر طرف کرکے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ نے اب تک حفاظتی انتظامات مجتہدین کے فتویٰ ،ماہرین ڈاکٹرز کے کہنے کے مطابق عمل کیا ہے آئندہ بھی کریں ۔سندھ حکومت کا وفاق سے اختلافات کا نزلہ ہم اپنے اوپر نہیں گرنے دیں گے۔