سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ
اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سندھ میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کردیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سندھ میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کچھ نہیں کیا، وفاق مداخلت کرے جب کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ رونا دھونا بلیٹن ہی کرسکتے ہیں۔
سندھ میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے سندھ اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہ آرٹیکل 245 کے تحت صدر پاکستان کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جب محسوس کریں فنانشل ایمرجنسی نافذ کر دیں گے۔
سندھ حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے صوبے میں صحت کے شعبے میں اربوں روپے خرچ کرنے کے حکومتی بیانات کو بھی آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے پر اربوں روپے خرچ کئے مگر پیسا کہاں خرچ ہوا صوبائی حکومت کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ سندھ میں ایمرجنسی نافذ کی جائے، صوبے کی صورتحال تیزی سے خراب ہورہی ہے گورنر راج لگانے میں بھی کوئی خرابی نہیں ہے۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نےبتایا کہ اپوزیشن بدھ کو سندھ اسمبلی میں اپنا اجلاس منعقد کرے گی اور عوام کو صوبائی حکومت کے کارنامےبھی بتائے گی۔