یوم انہدام جنت البقیع؛ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں اتوار کو سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے اور مظاہرین نعرے بازی کررہے تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر ہادی عسکری نے کہا کہ جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی مسماری پر خاموش رہنے والے بھی سزا کے مستحق قرار پائیں گے۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 18 اپریل کو عالمی ورثے کے تحفظ کا دن منانے والے اداروں نے اسی ماہ میں مسلمانوں کی تاریخ روند ڈالنے پر لب کشائی نہیں کی گزشتہ روز شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار کی بے حرمتی کا واقعہ روح مسلم کو مردہ کرنے کی عالمی سازش کا تسلسل ہے کیونکہ خود مسلمانوں نے کبھی اپنے آثار کی بحالی کیلئے آواز نہیں اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان 21 مئی 1985ء کے موسوی جونیجو معاہدے کے تحت اس امر کی پابند ہے کہ وہ جنت البقیع ، جنت المعلیٰ میں مدفون خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا، آئمہ ہدی، اہلبیت اطہار ، امہات المومنین ، صحابہ کرام اور اسلام کی عظیم ہستیوں کے مہندم شدہ مزارات کی ازسرنو تعمیر کیلئے برادر ملک سعودی عرب پر سفارتی سطح پر دباو ڈالے تاکہ عالم اسلام اور مسلم امہ کی بے چینی دور ہوسکے۔