امام خمینی کا وجودطاغوتی و استکباری طاقتوں کے اسلام دشمن عزائم کے سامنے مضبوط ڈھال تھا‘ علامہ راجہ ناصر عباس
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام خمینی رح کی 31ویں برسی کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی کا وجودطاغوتی و استکباری طاقتوں کے اسلام دشمن عزائم کے سامنے مضبوط ڈھال تھا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام خمینی نے جرات و استقامت سے اسلام کی طاقت و حقانیت کو تسلیم کرایا۔
امام خمینی کی کامیابی کا بنیادی سبب ان کے قول و فعل میں ہم آہنگی تھی۔رہبر انقلاب اسلامی نے جو کہا ہمیشہ اس پر قائم رہے اور اس کا عملی مظاہرہ کر کے دکھایا۔
امام خمینی کی لغت میں ناکامی نام کا کوئی لفظ درج نہیں تھا۔امام خمینی نے بابصیرت اور کمال دانشمندی کے ساتھ اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے ہمیشہ اتحاد امت پر زور دیا۔مسلمانوں کی بقا و سلامتی باہمی اتحاد میں ہی مضمر ہے۔ہمیں اس حقیقت سے لمحہ بھر بھی غافل نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی یہود و نصاری پر عالم اسلام کے اس عظیم القدر مجاہد کے نام سے خوف و لرزہ طاری ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج بھی امام خمینی رح کی شخصیت کو متنازع ثابت کرنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے۔