ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 50 ارب روپے کی ہنگامی امداد کا فیصلہ
ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت پاکستان کے مابین کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے 30 کروڑ 52 لاکھ 80 ہزار ڈالر (50 ارب روپے ) کی ہنگامی امداد دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت پاکستان کے مابین کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے 30 کروڑ 52لاکھ 80ہزارڈالر (50ارب روپے ) کی ہنگامی امداد کا معاہدہ طے پاگیا ان میں 30 کروڑ ڈالر قرضے کی صورت میں اور 52 لاکھ 80 ہزار ڈالر گرانٹ کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ژیانگ یانگ نے دستخط کئے۔
امداد کے معاہدے کے تحت صحت کی سہولیات کی ہنگامی تیاری اور ریسپانس سسٹم کو بہتر کیا جائے گا،این ڈی ایم اے طبی آلات، سازوسامان ، کورونا سے بچائو کے حفاظی آلات اور ایمرجنسی گاڑیوں کی خریداری کے لیے حکومتی ایجنسیوں اور اداروں فراہم کرے گا۔
20 کروڑ ڈالر کی مالی امدادسماجی تحفظ پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی اور احساس پروگرام کے مستحقین کو فراہم کی جائے گی، علاوہ ازیں پبلک ہیلتھ سہولیات کے تحت انفراسٹرکچر، پانی، سینٹشن اور حفظان صحت اور ویسٹ مینجمنٹ نظام کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
سماجی تحفظ کے تحت20کروڑ ڈالر غریب افراد کے لیے مختص کی جائے گی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اس رقم کو استعمال میں لایا جائے گا، جس کےذریعے بی آئی ایس پی اور احساس پروگرام کے مستحقین کو اضافی امداد فراہم کی جائے گی۔
بی آئی ایس پی کی 33 لاکھ خواتین کو اضافی 4ہزار روپے ( ایک مرتبہ)اور کورونا سے معاشی لحاظ سے متاثر ہونیوالی 25 لاکھ مستحق خواتین کو 2000 روپے ماہانہ آئندہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں فراہم کیے جائیں گے ۔