پاکستان بھرمیں مزید 6 ہزار 397 افراد کرونا وائرس کا شکار
پاکستانی ماہرین طب کا کہناہے کہ ملک بھر احتیاطی تدابیرپر عمل نہ کرنے کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ریکارڈ 6 ہزار 397مریض سامنے آگئے ۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 25ہزار 933 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے مزید 107 مریضوں کے جاں بحق ہوجانے کے بعد جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 463تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 ہزار344 ٹیسٹ کیے گئے، اس وائرس کے ملک میں 82ہزار 764مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 40 ہزار 247مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ47 ہزار382 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 890 ہو گئی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے اب تک 46ہزار 828 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 776 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہزار 787 ہو چکی ہے جبکہ اموات 632 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 7 ہزار 673 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 75 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 ہزار 236 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 62 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 1 ہزار 30کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 534 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 9 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں