پنجاب کے دو اہم ترین شہروں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا خطرہ
فرنس آئل کے ذخیرے کے خاتمے پر پنجاب کے دو اہم ترین شہر بدترین لوڈشیڈنگ کے نشانے پر ہیں.
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تیل کی قلت کے باعث ملک بھر میں پیدا ہونے والے بحران کے بعد اب لوڈ شیڈنگ کا بحران بھی سر اٹھانے کو تیار ہے۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے جنرل منیجر کی جانب سے لکھے گئے ایک خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض آئی پی پیز کے پاس فرنس آئل کا ذخیرہ ختم ہونے والا ہے جس کی وجہ سے لاہور اور فیصل آباد ریجن میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نشاط چونیاں اور لبرٹی ٹیک تھرمل اورر پلانٹس لاہور اور فیصل آبادکے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو قابو کرنے میں مددگار ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس فرنس آئل کا ذخیرہ کچھ ہی دن کا رہ گیا ہے۔ آئی پی پیز 15 دن کا فرنس آئل کا ذخیرہ رکھنے کے پابند ہوتے ہیں لیکن بار بار یاد دہانی کے باوجود ان پاور پلانٹس پر ذخیرہ پورا نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے فیصل آباد اور لاہور کے علاقوں میں 150 سے 200 میگاواٹ بجلی کی قلت پیدا ہوگی جس کے باعث بدترین لوڈ شیڈنگ شروع ہوجائے گی۔