پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہماری طرح میدان میں نکلتی تو آج نقشہ تبدیل ہوتا، فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ دونوں پارٹیاں ہمارے ساتھ میدان میں نکلتیں تو آج نقشہ تبدیل ہوتا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ پی ٹی آئی کو مزید برداشت کرسکیں، حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام مزید گندا ہوجائے گا۔
حیدرآباد میں الجمعیت ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے کے بعد حکومت کا ڈاوٴن فال شروع ہوچکا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہماری طرح میدان میں نکلتی تو آج نقشہ تبدیل ہوتا، اپوزیشن کے غلط کردار کی وجہ سے حکومت کو طول ملا ہے، اب اپوزیشن کو رویہ تبدیل کرنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اتحادی بھی ناخوش ہیں، اور ان کو لانے والے بھی پریشان ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والوں میں انہیں سلیکٹ کرنے والے بھی ذمہ دار ہیں، چینی، آٹا اور پیٹرول بحران ان کے لوگوں کا ہی پیدا کردہ ہے، لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی، یہ لوگ خود پر تنقید کو برداشت نہیں کررہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ پی ٹی آئی کو مزید برداشت کرسکیں، حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام اور گندا ہوجائے گا۔ ہم مائنس آل کے خواہشمند ہیں، مائنس ون اور تھری کا وقت گزر گیا، جے یو آئی 9 جولائی کو کراچی میں اے پی سی بلا رہی ہے۔