کراچی؛ بجلی کے بحران میں شدت کا امکان


ذرائع کا کہنا ہے کہ صنعتی شہرکراچی میں کے الیکٹرک کا ایک اور یونٹ بند ہونے کی وجہ سے بجلی کے بحران میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے سب سے بڑے اور صنعتی شہر کراچی میں بجلی کے بحران میں اضافے کا مزید خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ  ''کے الیکٹرک''  کی جانب سے ٹیکنیکل فالٹ کے نام پر ایک اور یونٹ بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کو پہلے ہی بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس میں بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے کے باعث مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یونٹ تیکنیکی خرابی سے بند ہوا ہے جس کے باعث 130 میگاواٹ بجلی یونٹ سے نکل گئی، بن قاسم کے 2 یونٹ کوئلے پر منتقل کردیا ہے جبکہ 2 مرمت کے نام پر پہلے ہی بند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 130میگاواٹ کی مزید قلت کے نام پر مستثنیٰ علاقوں میں لوڈشیڈنگ بڑھادی گئی، کےالیکٹرک پہلے ہی صرف گیس کے پلانٹس سے بجلی پیدا کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔

مستثنیٰ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 گھنٹے سے بڑھا کے 5 گھنٹے کردیا گیا، لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے جبکہ صنعتی علاقوں میں بھی مقامی فالٹس کے نام پر بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جناح اسپتال کا گرڈ جمعہ سے خراب ہے، تاحال مکمل بجلی بحال نہیں کی جاسکی، جناح اسپتال میں بجلی کی آنکھ مچولی سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔