محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی تدابیر کے متعلق مشاورتی اجلاس


محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی تدابیر کے متعلق مشاورتی اجلاس

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں عید الاضحٰی اور محرم الحرام کے حوالے سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور حفاظتی تدابیر پر غور کیا گیا۔

وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے سندھ میں ہونے والے این سی او سی اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اجلاس میں بطور میزبان شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت، وزیر تعلیم کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان خان نیشنل کوارڈینیٹر، این سی او سی ڈاکٹر فیصل سلطان، تانیہ ایدروس اور میجر جنرل آصف گورایا، ڈی جی آپریشنل اینڈ پلان NCOC نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ان کے علاوہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ این سی او سی اسلام آباد اور دیگر صوبوں، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے شریک ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں این سی او سی نے فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے ٹی ٹی کیو اسٹریٹجی کے حوالے سے بہت شاندار کام سر انجام دیا ہے۔

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے دوران مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این سی او سی کے صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کے مقاصد اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگرچہ کورونا کے مصدقہ کیسز اور اموات میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، ہمیں اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تا کہ دوبارہ کیسز کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈکس انتظامیہ او ر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا ہے، یہ سب شاباش کے مستحق ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، مویشی منڈیوں میں کنٹرول کا نظام موثر بنایا جائے گا تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنا رہے ہیں، محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں اور محرم الحرامکے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این سی او سی کی مرکزی ٹیم کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اجلاس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں صوبوں کے لیے انتہائی مدد گار ثابت ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وبا کو کنڑول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ابتدا میں کچھ مشکلات درپیش تھیں لیکن وفاق اور صوبوں نے مِل کر عوام کی صحت کے لئے بھرپور کام کیا اور اس وقت ہسپتالوں اور دیگر انتظامات بہتر ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آنے والے دنوں میں عیدالضحیٰ، محرم اور ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی تیاری کرنا ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ میں ٹیسٹ 12 ہزار کی گنجائش میں ہو رہے ہیں، اب ٹیسٹ کا ریشو کچھ کم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاٹ اسپاٹس ایریاز میں سلیکٹیو لاک ڈائون کر رہے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے کراچی میں 2 علیحدہ ہسپتال بھی قائم کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں گلیوں میں قربانی کے جانور کی خرید و فروخت پر پابندی لگائی ہے اور جانور صرف مقرر کی گئی جگہ پر ہی فروخت ہو سکتے ہیں۔

این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے کہا این سی او سی کو صوبوں میں لانے کا مقصد کام کو مزید بہتر کرنا ہے، کووڈ 19 پر کنٹرول تمام صوبوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہوگا، صوبائی حکومتوں نے بھی کووڈ 19 کو کنٹرول کرنے میں اہم کام کیا ہے، اور وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے کام کررہی ہے اور گائیڈ لائنس بنارہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی منعقد کیا جائے۔

سندھ میں این سی او سی کا پہلا اجلاس تھا، اس سے قبل 13 جولائی کو پہلا اجلاس پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہوا تھا اور اب دیگر صوبوں میں بھی این سی او سی کے اجلاس کیے جائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری
Frontend.AdditionCommonInfoPageDecorator IPageDetails