عراق؛ سامرا میں داعش کا حملہ پسپا / کرکوک میں داعشی مخبرگرفتار


عراق مقدس شہر سامرا میں رضاکار فورس حشد الشعبی نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا حملہ پسپا کرکے متعدد تکفیریوں کو ہلاک یا زخمی کردیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حشد الشعبی کے جوانوں نے صوبہ صلاح الدین میں تکفیری دہشت گردوں کے ناپاک منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

تکفیری دہشت گرد مقدس شہر ''سامرا'' پر بھرپور حملے کی کوشش کررہے تھے۔ حشد الشعبی کے رضاکاروں نے فوری کارروائی کرکے متعدد داعشی درندوں کو ہلاک یا زخمی کردیا ہے۔

المیادین نیوز نے خبر دی ہے کہ حشد الشعبی نے صوبہ نینوا کے مرکزی شہر موصل میں داعشی سرغنہ ''ابوحارث'' کو ہلاک کردیاہے۔ حشد الشعبی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ابوحارث'' موصل میں داعش کے دفتر میں کام کرتے تھے۔

دوسری طرف عراقی وزیرداخلہ «عثمان الغانمی» کا کہنا ہے کہ کرکوک میں خفیہ اطلاع پر داعشی مخبرکو گرفتار کرلیاگیا ہے۔

عراقی فیڈرل پولیس کمانڈ سنٹر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکوک میں داعش کے مخبر کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے اور  دہشت گرد گروہ کو سخت دھچکا لگا ہے۔