شمالی عراق میں ترک لڑاکا طیاروں کی بمباری، 3 جنگجو ہلاک


ترک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی عراق میں ترک لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر ''PKK'' کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترک فضائیہ نے شمالی عراق میں ''پی کے کے'' کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 3 جنگجو مارے گئے ہیں۔

آنا تولی نیوز نے خبر دی ہے کہ ترک وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات شمالی عراق کے ''لزاب'' نامی علاقے میں باغی گروپ PKK کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس میں 3جنگجو مارے گئے۔

ترک وزرات دفاع کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ باغی گروپ PKK کے خلاف فضائی کارروائی کا سلسلہ جاری رہےگا۔

ادھرعراقی حکام نے ترک فضائیہ کی کارروائی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ ترک فوج نے شمال عراق میں اس سے قبل بھی متعدد بار حملے کئے ہیں۔کرد باغی گروپ PKK کے خلاف ترکی نے شام اور عراق میں کارروائیاں کی ہیں۔

خیال رہے کہ PKK کے باغیوں کو عراق میں اپنے اڈوں سے ترکی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے ایک عرصے سے عراقی سرحد پر پہاڑی دروں کو کنٹرول کرنا ہی ایک مؤثر طریقہ سمجھا گیا ہے۔