عید الاضحیٰ؛ طالبان کی جانب سے3 دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان، حکومت کا خیرمقدم


عید الاضحیٰ کے موقع پر طالبان کی جانب سے 3 دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے جس کا کابل حکام نے خیرمقدم کرتےہوئے سیز فائر کا فیصلہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ  'عید الاضحیٰ کے مذہبی تہوار کے موقع پر طالبان کی جانب سے شدت پسند کارروائیاں نہیں کی جائیں گی

ترجمان افغان طالبان نے واضح کیا کہ جنگ بندی کا آغاز جمعے کے روز سے شروع ہوگا جو 3 روز تک نافذ العمل ہوگا۔

انہوں نے جنگجوؤں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے تین دن اور تین راتوں کے دوران 'دشمن' کے خلاف کارروائیوں سے گریز کریں۔

ترجمان طالبان نے دھمکی دی کہ 'اگر دشمن نے حملہ کیا تو جوابی کارروائی کی جائے گی'۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت نے تمام سیکیورٹی فورسز کو سیز فائر کا حکم دے دیا۔

صدیق صدیقی نے کہا کہ 'افغان حکومت، طالبان کی جانب سے عید الاضحیٰ پر جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی ہے کہ اگر طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو بھرپور جوابی کارروائی کی جائے'۔