حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دیئے
مجالس اور جلوس میں عزاداروں کا ماسک پہننا لازم قرار، مجالس میں کورونا ٹیسٹ منفی آنیوالے ذاکرین کوہی بیان کرنے کی اجازت ہوگی۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے مجالس اور جلوس کے شرکا ء کیلئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، شرکاء کے پاس ہر وقت سینیٹائزر ہونا لازم ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ ذاکرین کے کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ کروانے کا انتظام کیا جائے، مجالس میں ذاکرین کے لئے ماسک یا فیس شیلڈ کا انتظام کیا جائے ، ترجیحاً ٹرانسپیرنٹ شیٹ نصب کی جائے۔
مجالس کے ہال میں گنجائش سے 50 فیصد سے زائد شرکاء نہیں ہونے چاہیئں، مجالس کا دورانیہ ایک گھنٹے تک محدود رکھا جائے، ذوالجناح کے جلوس کے اوقات کار متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق مقرر کئے جائیں۔
مجالس میں بچوں، بزرگوں اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کی شمولیت ممنوع قرار دی گئی ہے، عزاداروں کیلئے نیاز کو ڈبوں میں پیک کر کے تقسیم کرنے کی پابندی عائد ہوگی۔
مجالس کے تمام داخلی مقامات پر عزاداروں کا تھرمل اسکینرسے ٹمپریچر چیک کیا جائے گا، سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتنوں، دروازوں اور دیگر اشیاء کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھونے کی ہدایت کی گئی ہے۔