پاکستان؛ عاشقانِ امام حسین علیہ السلام نے اپنے اپنے علاقوں کو ہی کربلا بنا لیا
کربلا معلیٰ میں کورونا کے باعث زائرین امام حسین کو اجازت نہ ملنے پر عاشقانِ حسین نے اپنے اپنے علاقوں کو ہی کربلا بنا لیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوسوں میں شرکت کیلئے عزادار اپنے اپنے علاقوں سے پیدل پہنچ رہے ہیں۔
عزاداروں نے علمِ حضرت عباس علیہ السلام ہاتھوں میں تھام رکھے ہیں، لبوں پر لبیک یاحسینؑ کی صدائیں ہیں۔ اربعین واک میں مرد حضرات کیساتھ ساتھ خواتین، بچے اور بزرگ میں شامل ہیں۔
اربعین واک کے شرکاء کیلئے مختلف تنظیموں کی جانب سے راستوں میں مواکب کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ عزاداروں کیلئے لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
لاہور میں بھنگالی سے اربعین واک کربلا گامے شاہ پہنچی جبکہ جلو موڑ، مریدکے، لبرٹی چوک، محمدی مسجد، جعفریہ کالونی سے بھی واک روانہ ہوئیں۔
اسی طرح سب سے بڑی واک مریم مسجد علی رضا آباد سے شروع ہوئی، جس میں رائیونڈ سے آنے والی واک بھی شامل ہوئی۔ یہ واک ٹھوکر نیاز بیگ، موہلنوال، منصورہ، ملتان چونگی، چوک یتیم خانہ، بھلہ سٹاپ، سمن آباد موڑ، چوبرجی، ایم اے او کالج، سول سیکرٹریٹ، ضلع کچہری سے ہوتی ہوئی کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔
اس واک میں جعفریہ کالونی، بند روڈ، علامہ اقبال ٹاون سے بھی عزادار شریک ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب لبرٹی مارکیٹ سے شروع ہونیوالی واک محمدی مسجد، قومی مرکز شادمان، شادمان مارکیٹ، چائنہ چوک، انٹرمیڈیٹ بورڈ، مزنگ اڈہ، انارکلی سے ہوتی ہوئی کربلا گامے شاہ پہنچے گی۔