عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اربعین کمیٹی
اربعین کمیٹی کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی ،مولانا عقیل موسی ٰ،علامہ کامران عابدی،علی حسین نقوی،مولانا علی انور ،عسکری زیدی،احمد علی جعفری نے کہا کہ اس برس پاکستان میں چہلم امام حسین علیہ السلام نئے جوش اور ولولہ اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہیے۔
اس بار چہلم شہدائے کربلاشیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہو گا۔ ہم وفاقی اور سندھ حکومت سے گذارش کرتے ہیں کہ اس سال چہلم کے سلسلہ میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں اور عزاداروں کے لئے ہمیشہ کی طرح بہترین انتظام اور سہولیات فراہم کریں۔
ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نواسہ رسول اکرم (ص) سے عقیدت اور محبت کے اس سفر میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ اور اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین ،شیعہ علماکونسل ،آئی ایس او و دیگر ملی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔