افغان رہنما عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ تہران میں اپنے قیام کے دوران اعلی حکام سے ملاقات کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات کا فروغ اور افغانستان میں قیام امن جیسے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
افغانستان کے اعلی سرکاری عہدیدار، وزارت خارجہ کے افسران اور بعض ارکان پارلیمنٹ بھی عبداللہ عبداللہ کے ساتھ تہران آئے ہیں۔
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ اس سے پہلے پاکستان اور ہندوستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
وہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کی غرض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری افغان امن مذاکرات کے لیے علاقائی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران شروع ہی سے افغانستان کی حکومت اور اس ملک کےعوام کی قیادت میں ہونے والے امن مذاکرات کے حمایت کرتا آیا ہے۔ ایران سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں بھی حکومت افغانستان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔