وزیراعلیٰ پنجاب اورنج ٹرین کا افتتاح کریں گے
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورنج ٹرین کی روانگی کا افتتاح کریں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن ٹرین آج اتوار سے اپنے مقررہ روٹ پر چلا دی جائے گی۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، افتتاحی تقریب آج ہوگی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ٹرین کی روانگی کا افتتاح کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں نئے چینی سفیر قونصلیٹ کے افسران، صوبائی اور وفاقی وزراء و اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس پنجاب، پاکستان ریلویز کے حکام اور دیگر ملحقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔
منصوبے کے حوالے سے بتایا گیاکہ پانچ بوگیوں پر مشتمل ایک ٹرین میں ایک ہزار مسافر سفر کر سکیں گے جبکہ ٹرین کا کرایہ 40روپے فی مسافر ہوگا۔
مذکورہ ٹرین روزانہ صبح ساڑھے 7 بجے سے رات ساڑھے 7 بجے تک چلا کرے گی؛ جبکہ اورنج لائن ٹرین کے روٹ پر دیگر روڈ پبلک ٹرانسپورٹ مرحلہ وار بند کی جائی گی۔
دریں اثناء پاکستان کیلئے چین کے نئے سفیر مسٹر نونگ رونگ اسلام آباد پہنچ گئے اور عہدے کا چارج سنبھال لیا وہ آج لاہور میں اورنج ٹرین کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
نئے سفیر نونگ رونگ اس سے قبل چین میں صوبائی وزیر کے عہدے پر تھے جن کو تجارت سیاست اور مذہبی امور پر عبور حاصل ہے۔