اسلامی تحریک کا الیکشن سے پہلے گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کا مطالبہ
گلگت: اسلامی تحریک پاکستان کے سینئر رہنما شیخ میرزا علی نے الیکشن سے پہلے گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کا مطالبہ کیاہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی تحریک کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یکم نومبر کو گلگت بلتستان آرہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران جی بی کو صوبہ بنا کر اس خطے کو بڑا تحفہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 1994 میں جی بی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا، جس کی اب تمام جماعتیں حمایت کر رہی ہیں۔ حلقہ ایک گلگت نومل میں مرکزی کیمپیئن آفس کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حق ملکیت کا نعرہ لگاکر اپنے مفاد کیلئے سیاست کر رہی ہے۔
وزیر اعظم یکم نومبر کو گلگت بلتستان آرہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران جی بی کو صوبہ بنا کر اس خطے کو بڑا تحفہ دینگے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے رہنما و سابق صوبائی وزیر دیدار علی نے کہا کہ سی پیک جی بی کے دامن سے گزر رہا ہے جس میں جی بی کے عوام کو بھی حصہ ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اس ملک کی سالمیت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس ملک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ تقریب سے سید نظام الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔