گومل یونیورسٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے دو مختلف تقریبات کا انعقاد


گومل یونیورسٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے دو مختلف تقریبات کا انعقاد

گومل یونیورسٹی میں 27اکتوبر بلیک ڈے کی مناسبت سے کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے دو مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، بلیک ڈے کی مناسبت سے پہلی تقریب گومل یونیورسٹی کے وینسم کالج کے شعبہ طالبات میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پرنسپل گرلز سیکشن شہلا شیخ نے کی جبکہ مرکزی تقریب گومل یونیورسٹی کے مین کیمپس میں عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں شعبہ پولیٹیکل سائنس کے زیر اہتمام منعقد ہوئی.

 اس موقع پر ڈین فیکلٹی آرٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابڑ، ڈین فیکلٹی آف لاء اینڈ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زاہد اعوان، چیئر مین شعبہ پولیٹیکل سائنسزڈاکٹر محمد زبیر، سمیت دیگر شعبہ جات کے اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نعمت اللہ بابڑ نے کہا کہ آج کے دن ہندوستان نے کشمیرکی سرزمین پرناجائزہ قبضہ کرکے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ دیئے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پاکستانی محسوس کرتے ہیں۔

چیئرمین شعبہ پولیٹیکل سائنسز ڈاکٹر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے ہونیوالے ایک تاریخی کرفیو میں کشمیری جس مشکل، کٹھن اور بدترین دور سے گزر ے اس کو بیان کرنا ناممکن ہے اور اوپر سے عالمی وباء کورونا نے ان کی زندگی کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج آئے روز کشمیری بہنوں کی عصمت دری کر رہی ہے، نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے تاکہ آزادی کی آواز کو دبایا جا سکے؛ مگر صرف کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کا ہرشہری کشمیر کی آزادی تک آواز اٹھاتا رہے گا۔

ڈاکٹر زبیر نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا کی بھارتی مظالم و بربریت پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1931میں بھارتی فوج جمعہ کے دن اذان کو روکتی ہے مگر 22جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اذان پوری کرتے ہیں اور شہادت کے رتبہ پر فائز ہو جاتے ہیں؛  یہ جذبہ ایمانی انڈیا اپنے مکروہ ارادوں سے آج تک نہ ختم کر پایا اور نہ ہی کر پائے گا۔

تقریب سے شعبہ پولیٹیکل سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر اسماعیل خان، لیکچررصائمہ رزاق خان نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر مین کیمپس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے واک کا اہتمام کیا گیا۔

بلیک ڈے کے حوالے سے گومل یونیورسٹی کے وینسم کالج گرلز سیکشن میں دوسری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل شہلا شیخ نے کہا کہ آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں مگر ہمیں اس کی قدر نہیں۔؛ آزادی کی قدر کشمیریوں سے پوچھیں کہ کس طرح وہ اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کشمیری 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اورپاکستان یوم سیاہ کے ساتھ ساتھ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں۔

 کشمیر کی آزادی میں صرف کشمیریوں کی محنت نہیں بلکہ سارا پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اس موقع پروینسم کالج گرلز سیکشن کی بچیوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری