چین کے بعد ہالینڈ بھی میدان میں آگیا؛ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کا اعلان


چین کے بعد ہالینڈ بھی میدان میں آگیا؛ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کا اعلان

چین کی چند کمپنیوں کے بعد یورپی ملک ہالینڈ کی ”رائل ووپاک “ کمپنی نے پاکستان میں 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق  ڈچ کمپنی رائل ووپاک نے پاکستان میں 80  کروڑ ڈالر یعنی قریبا 450 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ سرمایہ کاری ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر اور ایل این جی ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے حوالے سے ہو گی۔

اس زمرے میں ڈچ کمپنی رائل ووپاک کے وفد نے منگل کو وزیراعظم کے مشیر برائے امور تجارت، صنعت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود سے ملاقات کی۔

رائل ووپاک کمپنی دنیا بھر میں تیل، کیمیکل، خوردنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق مصنوعات کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔

وفد کے سربراہ نے مشیر امور تجارت کو آگاہ کیا کہ رائل ووپاک پاکستان میں مشترکہ منصوبے کے ذریعے زمین پر ایک ارب 50کروڑ ڈالر لاگت کی سرمایہ کاری سے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کرے گی جب کہ 15کروڑ ڈالر مالیت سے پروپلین پلانٹ اور 80کروڑڈالر کی لاگت سے پارکو کوسٹل ریفائنری قائم کی جائے گی جس سے ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم ہو گی۔

رائل ووپک کے وفد کے سربراہ نے دونوں ممالک کے مابین طویل مدتی معاشی تعلقات قائم کرنے کے لئے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل چین کی ہواوے اور اوپل جیسی معروف کمپنیوں نے بھی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے جو پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام اور بیروزگاری ختم کرنے میں بہت موثر ثابت ہوگا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری