بھارت کی جانب سے الزامات کی بوچھاڑ در اصل مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، سرتاج عزیز
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جنہیں پاکستان مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان پر بھارتی الزامات کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے بیانمطابق، پاکستان نے بھارتی سیاسی اور عسکری حکام کی جانب سے لگائے ہوئے الزامات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رد کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دراصل بھارت کا پاکستان پر الزامات لگانے کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بنا تحقیقات کے بھارتی سیاسی و عسکری اداروں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر پر حملے کے حوالے سے پاکستان کو مورد الزام ٹھرانے کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی بگڑی ہوئی صورتحال کا ذمہ دار پاکستان نہیں بلکہ بھارت کا ناجائز طویل قبضہ اور دن بدن بڑھتے مظالم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں مقبوضہ وادی میں ایک لاکھ سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ دہرایا۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج اور ذرائع ابلاغ نے پاکستان کو گذشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹرز پر حملے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزامات کی بوچھاڑ کر دی تھی۔ اسی زمرے میں بعض سابق اعلی فوجی افسران نے تو یہاں تک کہہ ڈالا ہے کہ حکومت کو پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دینا چاہیے۔