ایرانی خفیہ ادارے نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرفتار کرلئے
ایران کے سیستان و بلوچستان صوبے کے خفیہ ادارے "سپاہ سلمان" نے سراوان 2 پاکستانی دہشت گردوں کو 2 بموں سمیت گرفتار کیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایران کے سیستان و بلوچستان صوبے کے خفیہ ادارے "سپاہ سلمان" کے رائے عامہ کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ یہ ادارہ مخفی اطلاعات کے تحت 2 پاکستانی دہشت گردوں کے ایران داخلے سے متعلق آگاہ ہوا اور بر وقت کارروائی کر کے دونوں کو 2 بموں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ دو دہشت گرد کسی بھی کارروائی انجام دینے سے قبل ہی ایرانی خفیہ ادارے کی جانب سے بروقت کارروائی کے نتیجے میں سراوان شہر کے علاقے کلہ گان سے گرفتار ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، دہشت گردوں کا بنیادی طور پر پاکستان سے تعلق ہے جو اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کے دشمن دہشت گرد گروہ سے وابستہ ہیں-
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دہشت گرد ایران میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے اور ملک میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے کے لئے ایران میں داخل ہوئے تھے-
ان دہشت گردوں کے روپوش ہونے کی جگہ پر چھاپہ مارنے کے بعد سپاہ کے جوانوں نے وہاں سے دو بم برآمد کئے جنھیں یہ عناصر ہجوم والے علاقوں میں استعمال کرنے والے تھے۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کی سپاہ پاسداران نے اعلان کیا ہے کہ ان دہشت گردوں نے ابتدائی تحقیقات کے دوران اپنے ناپاک عزائم کا اعتراف کرلیا ہے جس کی تفصیل بعد میں عوام کے سامنے پیش کی جائے گی -