علامہ قاضی نیاز حسین نقوی انتقال کرگئے
بزرگ عالم دین، مہتمم جامعہ المنتظرعلامہ قاضی نیاز حسین نقوی انتقال کرگئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ اور وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے نائب صدرعلامہ قاضی نیاز حسین نقوی اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم المقدسہ میں انتقال کرگئے ہیں۔
واضح رہے کہ معروف عالم دین اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی ایران میں مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
مرحوم سیاسی و مذہبی امور پر گہری نظر رکھتے تھے، مختلف معاملات میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی ترجمانی بھی کرتے رہے۔
سیاست میں بھی دلچسپی رہی۔ سیاسی بصیرت کی بدولت مختلف سیاسی جماعتوں کے اجتماعات میں جامعہ کی نمائندگی کرتے رہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر بھی ملت جعفریہ کی موثر آواز تھے۔
علامہ سید قاضی نیاز حسین کورونا کے باعث کچھ عرصے سے علیل اور قم کے ایک ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں پانچ بیٹے، تین بیٹیاں اور 2 بیوگان سوگوار چھوڑی ہیں۔ علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اسلامی جمہوری ایران میں جج کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مرحوم امام جمعہ علی مسجد بھی تھے۔