سرجیکل سٹرائیک: بھارتی جھوٹ مکمل طور پر بےنقاب/ پاک فوج نے میڈیا کو ایل او سی کا دورہ کروا دیا


سرجیکل سٹرائیک: بھارتی جھوٹ مکمل طور پر بےنقاب/ پاک فوج نے میڈیا کو ایل او سی کا دورہ کروا دیا

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے بھارت کے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو سفید جھوٹ قرار دیا اور اس کو ثابت کرنے کے لئے میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کروا دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے ملکی و غیرملکی صحافیوں کو ایل او سی کا دورہ کرایا گیا جس کے بعد بھمبر سیکٹر کے علاقہ باغ سرمیں میڈیا نمائندگان کو بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سرجیکل سٹرائیک سے متعلق بھارت کا دعویٰ سراسر جھوٹ اور خودساختہ ہے۔

جن علاقوں میں بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا وہاں تو کوئی جانور بھی نظر میں آئے بنا حرکت نہیں کر سکتا، ان علاقوں میں 5 کلومیٹر اندر آنا اور بچ کر جانا ناممکن ہے۔

انہوں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ہے اور یقین رکھتے ہیں کہ ہماری جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان بھی ہوا جسے وہ چھپا رہا ہے۔

مستقبل میں بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاک افواج کی جانب سے اسی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی کیا تھا جسے پاک فوج نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پاکستان آرمی ہے کوئی 5 کلومیٹر اندر آکر بچ کر دکھائے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی اس زمرے میں پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو جھوٹ قرار دیا اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروہ کو ایسی کارروائی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری