ہزارہ برادری کی نسل کشی کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہے، مجلس وحدت مسلمین
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کے افرادکی کلنگ کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری مولانا صادق جعفری نے کہا ہے کہ 13 مئی کو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر یوم مردہ باد امریکا منایا جائے گا۔
دنیا بھر میں جتنی بھی بد امنی ہے اس کے پیچھے امریکا اور اس کے حواری ہیں جو دنیا پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے انسانوں کا خون بہارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کو غیر مستحکم رکھنا امریکی مفاد میں ہے جس کے لئے وہ پاکستان اور افغانستان میں داعش کو بسا رہا ہے، یہ ایک الارمنگ صورت حال ہے افغانستان اور پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں ہونے والی ہزارہ برادری کی کلنگ کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہے۔
پاکستان کی مضبوط فوج امریکی مفادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عوام اپنی افواج سے محبت کرتی ہے، ہم 13مئی کو کشمیر، فلسطین، یمن، بحرین، عراق و شام سمیت دنیا بھر میں امریکی دہشتگردی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے اسی سلسلے میں کراچی ڈویژن کی جانب سے یوم مردہ باد امریکہ کی ریلی نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی۔