ملکی سلامتی اور خودمختاری کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں،علامہ ساجد نقوی
شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے دفاع کے لیے افواج پاکستان، عوام کی قربانیاں اورخدمات قابل تحسین اور ناقابل فراموش ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، علامہ ساجد نقوی نے یوم دفاع کی مناسبت سے کہا کہ ہم اس بات کی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ ہم ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں لیکن ہماری توجہ اس نکتے کی طرف بھی مرکوز رہنی چاہیے کہ اگر پاک فوج اپنے پیشہ وارانہ فرائض تک محدود رہے تو وہ بہترین انداز سے پاکستان کا دفاع اور ملکی سلامتی کا تحفظ کرسکتی ہے۔
یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس وقت پاکستان داخلی اور خارجی لحاظ سے شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
آپریشن ردالفساد کا دائرہ ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے اوراسی طرح نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد بھی ملکی مفاد میں ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں موجود بحرانوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔