قوم امریکہ کے ناک بھوں چڑھانے سے مرعوب نہ ہو، رہبر انقلاب اسلامی


قوم امریکہ کے ناک بھوں چڑھانے سے مرعوب نہ ہو، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایران اور ایرانی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر کوئی قوم منھ زوروں کے ناک بھوں چڑھانے سے نہ ڈرے اور اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرے تو وہ دنیا کی سپر طاقتوں کو پسپائی اور شکست پر مجبور کر سکتی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  ملٹری آفیسر ٹریننگ یونیورسٹی میں افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ اور تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ سامراجی طاقتیں خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے میں مصروف ہیں۔
 آپ نے فرمایا کہ عالمی سامراج اور ان کے سرخیل، ظالم امریکہ کو علاقے میں خانہ جنگی، دہشت گرد گروہوں کی گھناؤنی سرگرمیوں اور جھڑپوں میں اپنا مفاد دکھائی دے رہا  ہے اور افسوس کی بات ہے کہ خطے کے بعض ممالک بھی اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔
 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کا ہدف یہ ہے کہ خطے میں کوئی اسلامی طاقت سر نہ اٹھائے کیونکہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اسلام، مستضعفین اور پسماندہ لوگوں کے دفاع کا پرکشش پیغام دیتا ہے بنا برایں انہیں اسلام کی بنیادوں پر کسی بھی طاقت کے ابھرنے کا خوف لاحق ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سامراج کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور استقامت کو اس خطے میں ظالم عالمی طاقتوں کی شکست کی اہم ترین وجہ قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ دنیا بھر کے سیاسی تجزیہ نگار اور باہوش افراد اس بات پر حیران ہیں اور اسکا اعتراف کرتے ہیں کہ ایران نے خداوندمتعال پر توکل اور قومی طاقت کے بل بوتے پر عالمی طاقتوں کو اس خطے میں ڈھیر کر دیا ہے۔
 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پچھلے چالیس برس سے امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کے تخریب کارانہ حملوں کی زد پر رہا ہے لیکن آج ایران  اسلامی انقلاب کا یہ پودا ایک توانمند اور پھل دار درخت میں تبدیل ہو چکا ہے اور سامراجی طاقتوں کی تمام تر کوششوں کے باجود اسلامی انقلاب کا پیغام قوموں کے دلوں میں اتر چکا ہے اور خطے میں امریکہ کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔
ایران کی مسلح افواج کے  سپریم کمانڈر نے شام، عراق اور لبنان کو خطے میں امریکی سازشوں کی ناکامی کا نمونہ قرار دیا اور فرمایا کہ یہ پروردگار عالم کی طاقت اور وعدہ الہی کے سچے ہونے کی نشانیاں ہیں جو یہ کہتا ہے کہ اگر تم خدا کے ساتھ رہو گے تو خدا بھی تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں ثابت قدم رکھے گا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری