پاکستان کا ایران سمیت 48 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری کرنے کا فیصلہ


پاکستان کا ایران سمیت 48 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری کرنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی جاری کردی، جس کے تحت 48 ممالک کو ویزے میں نرمی دیتے ہوئے مخصوص وقت کے لیے ویزا فری کردیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایران، ملائیشیا، روس، ترکی، چین، سری لنکا، آسٹریلیا، ڈنمارک، برازیل، جرمنی سمیت دیگر ممالک کے لیے ویزا فری کیا گیا ہے، تاہم اس فہرست میں بھارت، امریکا، برطانیہ اور افغانستان شامل نہیں ہیں۔

اس نئی پالیسی کا اطلاع 15 اپریل سے شروع کردیا گیا ہے اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والوں کو مخصوص وقت کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایئرپورٹ پر ہی ویزا میسر ہوگا۔

نئی پالیسی کے تحت 48 ممالک میں سے 12 ممالک کے سفارتکاروں، 31 ممالک کے سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں جبکہ 5 ممالک کے شہری عام پاسپورٹ پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ابتدائی طور پر اس پالیسی کے تحت زیادہ تر ممالک کو ایک سے 3 ماہ کا ویزا دیا جائے گا اور نئی پالیسی کے حوالے سے فارن مشن اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد ویزا پالیسی میں تبدیلی کا کہا گیا تھا اور جنوری 2019 میں اس وقت کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان سیاحوں کے لیے جنت ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے نئی ویزا پالیسی متعارف کروائی جائے گی، جس کے تحت 175 ممالک کو ای ویزا جبکہ 50 ممالک کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت ہوگی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری