سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
اس زمرے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے معاملات آخری مراحل میں ہیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ محمد ندیم خان نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی سے متعلق تاحال کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار سعودی حکام کو پاکستانیوں قیدیوں کی رہائی سے متعلق یاد دہانی بھی کرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ اس معاملے پر وزیراعظم کی سطح پر بھی سعودی حکام کو توجہ دلائی گئی ہے۔ عمران خان نے رواں سال مئی میں اپنے دورے کے موقع پر بھی سعودی شہزادے کو یاد دلایا تاہم سعودی حکام ایک ہی جواب دیتے ہیں اس پر کام شروع کرتے ہیں۔
کمیٹی ارکان نے کہا کہ محمد بن سلمان کے قیدیوں کی رہائی سے متعلق اعلان سے سب بہت خوش ہوئے تھے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ بار بار یاد دہانی کے باوجود تاحال قیدیوں کی فہرست تک جاری نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یاد رہے کہ سعودی عرب میں 3 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں۔ جدہ میں 128 پاکستانی شہری ہیں جبکہ دارالحکومت ریاض میں 114 پاکستان ایسے ہیں جن کے جرمانے ادا کرنے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے 8 ملین سے 22 ملین ریال تک رقم درکار ہے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی درخواست، شہزادہ محمد بن سلمان کے وعدے اور پاکستان وزارت خارجہ کی بار بار یاددہانی کے باوجود سعودی جیلوں میں موجود پاکستانی قیدیوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔