50 ملی میٹر کی ایک بارش؛ اسکول عدالتیں بند، بجلی غائب، رینجرز متحرک، کاروبار ٹھپ، 9 افراد جاں بحق + تصاویر
کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش نے ہی شہریوں کی بس کروا دی ہے۔
50 ملی میٹر کی بارش نے سندھ حکومت کو بےبس کر دیا۔
ریکسیو ذرائع کے مطابق ملیر میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے، بچے پانی میں کھیل رہے تھے۔
اس کے علاوہ ڈیفنس، کلفٹن، گلستان جوہر اور خاموش کالونی میں بھی کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
پاپوش نگر بھی کرنٹ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 2 افراد جبکہ محمود آباد میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں 12 سے 15 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری سخت ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے۔
بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث سپریم کورٹ کراچی رجسٹری، سندھ ہائیکورٹ اور احتساب عدالت میں مقدمات کی سماعت روک دی گئی۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام کو عدالت بھی طلب کیا گیا۔
اسی طرح محکمہ تعلیم سندھ کے اعلامیے کے مطابق آج شہر کے تمام نجی و سرکاری اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔
دوسری جانب بارش کے باعث شہر کی جامعات جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی نے بھی آج ہونے والے تمام پرچے منسوخ کردیے ہیں جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
رینجرز نےگورنر ہاؤس کےقریب پانی میں پھنسی گاڑیوں کونکالا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے دفاتر سے واپس آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔
بارش کے باعث محمود آباد اور دیگر نالوں تغیانی ہے، نالےکا پانی پی ای سی ایچ ایس اور محمودآباد میں داخل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 50 اور فیصل بیس میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جبکہ نارتھ کراچی میں 42، ناظم آباد میں 39، ائیرپورٹ 38، جناح ٹرمینل 35، موسمیات پر 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی اے ایف بیس مسرور میں 32، گلشن حدید میں 21، لانڈھی 12 اور کیماڑی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ کم و بیش ہر سال، انہی دنوں میں ایسے ہی واقعات سامنے آتے ہیں۔ ایک عام انسانی ذہن یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ سندھ حکومت کے لئے مون سون کی ہر سال باقاعدگی سے ہونے والی بارشیں سرپرائز کیوں ہیں؟ اور ان بارشوں سے ہونے والے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لئے سال بھر کے وقت میں تیاری کیوں نہیں کی جاتی؟