بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و جبر سے باز رہے، امام خامنہ ای


امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں صدرمملکت سمیت اعلی عہدہ داروں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: بھارت کشمیریوں پر ظلم و تشدد سے باز رہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امام خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام سے انصاف پر مبنی رویہ اختیار کرے.

امام خامنہ ای نے فرمایا ایران کے بھارت سے اچھے تعلقات تو ہیں مگر ہماری توقع ہے کہ بھارت منصفانہ رویہ اپنائے اور کشمیر کی تہذیب یافتہ قوم پر جبر نہ کیا جائے.

امام خامنہ ای نے فرمایا کہ  کشمیر کی حالیہ صورتحال اور پاکستان و بھارت کے درمیان اختلافات کی اصل وجہ برطانیہ ہے جو برصغیر میں ایسے حالات پیدا کرکے یہ علاقہ چھوڑ گیا.

ان کا کہناتھا کہ برطانیہ نے تنازع کوطول دینے کیلئے مسئلہ کشمیر کوحل نہیں کیا تھا۔

امام خامنہ ای نے ملک ترقی کی راہ میں دشمن عناصر کی رکاوٹوں میں اضافہ ہونے کی پیشین گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ملکی پیداور میں اضافہ دشمنوں کیخلاف مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے تین اہم امور بشمول "خام تیل کی برآمدات پر انحصار کا خاتمہ"، "اقتصادی شعبے کے فروغ میں موثر اقدامات کے کردار پر مزید توجہ دینا" اور "پرڈیوسرز کے حوالے سے ملکی حکام اور عہدیداروں کے نقطہ نظر میں تبدیلی کی ضرورت" کو اقتصادی شعبے کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دینے پر زور دیا۔