ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکتے، شیخ رشید نے ہاتھ کھڑے کر دئیے
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا ہے کہ یہاں بہت سیاست ہے لہذا ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اپنی شعلہ بیانی اور دو ٹوک الفاظ میں مدعا بیان کرنے کی شہرت رکھنے والے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے۔
تفصیلات کے مطابق سی ای او ریلوے آفتاب اکبر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر عشائیے سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے درجنوں نئی ٹرینیں چلائیں اور مزید ٹرینیں بھی چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ عمران خان کی قیادت میں مکمل ہو گا اور مال گاڑیوں کی تعداد بڑھائیں گے اور ریلوے کے ذریعے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی شیخ رشید نے اس بات کا بھی اعتراف بھی کیا کہ ہم ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے کیونکہ یہاں بہت سیاست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم خراب ہوا جس سے مسائل پیدا ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کوئی کرپشن ہوئی تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے کیونکہ وزیر کے ملوث ہوئے بنا کرپشن ممکن ہی نہیں ہے۔