مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کےلئے اُمت مسلمہ کو یکساں موقف اختیار کرنا ہوگا، علامہ ساجد نقوی


مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کےلئے اُمت مسلمہ کو یکساں موقف اختیار کرنا ہوگا، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماکونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کےلئے اُمت مسلمہ کو یکساں موقف اختیار کرنا ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور ان کے موقف کی ترجمانی پاکستانی قوم کا فریضہ اور عدل و انصاف کا تقاضا ہے لہذا اس فریضے کی ادائیگی کے لئے ہم 5 فروری کو اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ”یوم یکجہتی کشمیر“ منارہے ہیں۔ مظلوم کشمیری مسلمان نصف صدی سے زائد بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔

جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کےلئے حکومت پاکستان سفارتی محاذ پر مزید موثر کردار ادا کرے علاوہ ازیں ان حالات میں عالمی امن کے دعویدار اداروں‘ انسانی حقوق کی تنظیموں‘ اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم کو بھی چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آئے روز مختلف انداز میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں لیکن اس وقت تک کوئی حل قابل قبول اور قابل نفاذ نہیں ہوگا جب تک پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے تیسرے فریق یعنی کشمیری عوام کو اس عمل میں شامل کرکے کلیدی کردار نہیں دیا جاتا کیونکہ کشمیری عوام کی رائے ہی اہمیت کی حامل ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بھارت کو یک طرفہ اور جانبدارانہ پالیسیاں اور جارحانہ طرز عمل اختیار کرنے سے گریز کرتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور مذاکرات سے پہلے کشمیر میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنا کر مذاکرات کے لئے ماحول کو سازگار بنانا چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج میں کمی کرنی چاہیے، تشدد کا راستہ ترک کرنا چاہیے تاکہ دینا پر واضح ہوجائے کہ بھارت مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہے۔ اس ماحول کے بعد مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے اور کوئی قابل عمل حل نکل سکے گا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حسب سابق اس سال بھی غیور پاکستانی عوام 5 فروری کے موقع پر مکمل جوش وجذبے کے ساتھ اپنے پروگراموں، محافل، ریلیوں، مظاہروں اور احتجاجی پروگراموں میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور اظہار یکجہتی کریں گے اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلائیں گے اور امت مسلمہ کو مسئلہ کشمیر کے حقائق اور حل کی طرف متوجہ کریں گے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری