مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، مزید2 کشمیری نوجوان شہید


سری نگر: بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا اس دوران مریضوں کو لینے آنے والی ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا اور شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم حقائق زیادہ دیر چھپ نہیں پائے اور علاقہ مکینوں نے جعلی مقابلے کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے وفاق کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے

مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جارہی ہے جس کے خلاف عالمی قوتوں نے بھی مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے لیکن بھارتی حکومت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔