پاکستان کی ایران، افغانستان اور بھارت کے ساتھ سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رہیں گی
کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان نے مشرقی اور مغربی سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان اور بھارت کے ساتھ سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رہیں گی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سرحدیں 4 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
معید یوسف نے کہا کہ کرتارپور راہداری بھی بند رہے گی، بندرگاہوں کو کارگو کے باعث کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ گلگت، اسکردو کے علاوہ باقی ڈومیسٹک پروازیں بند ہیں، مسافر طیاروں کے لیے ہماری فضائی حدود 4 اپریل تک بند ہے، 4 اپریل کے بعد فضائی حدود آہستہ آہستہ کھولیں گے۔
ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کی کوشش کررہے ہیں، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جس سے وائرس مزید پھیلے، فضائی روٹس، سرحدیں کھولنے سے متعلق ریویو کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو برطانیہ، شمالی امریکا اور کینیڈا کے لیے پروازوں کی خصوصی اجازت منسوخ کردی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 296 ہوگئی ہے، وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے زیر علاج 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔