امام حسین ع کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے، علامہ ساجد نقوی
علامہ ساجد علی نقوی نے امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہم حسینی ہیں جو ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین حق کے غلبے‘ اسلامی شعائر و اقدار کے فروغ‘ بقائے اسلام‘ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے ایسی لہو رنگ جدوجہد کی جو تاقیامت ہر حریت مند اور صاحب عمل کے لئے رہنمائی کا مینار قرار پاتی رہے گی۔
اس جدوجہد کا اثر ہے کہ دنیائے عالم میں حریت و استقلال پر مبنی تمام تحریکوں نے تحریک کربلا سے درس حریت حاصل کیا اور اپنی جدوجہد کا مرکزی اور محوری نکتہ تحریک کربلا کو قرار دیا اور جب حریت پسندوں کو اپنی جدوجہد کے لئے بہترین قیادت کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال شخصیت کی طرف رجوع کیا اور ان کی سیرت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد آگے بڑھاکر کامیابی حاصل کی۔
امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؑ کی ذات گرامی جملہ اوصاف حمیدہ کی حامل ہے۔ آپ کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ کیونکہ آپ کی حیات مبارکہ رسول معظم سے اکتساب کا فیض ہے اور جو زندگی سیرت رسول کا عین عکس اور اور مجسمہ ہو اس کا ہر فعل اور اقدام احکام الہی کے تابع ہوتا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کے ساتھ پیغمبر اکرم کی محبت اور وابستگی احادیث مبارکہ سے بھرپور انداز میں عیاں ہوتی ہے۔ رسول خدا نے امام حسین ؑ کو اپنے آپ سے اور اپنے کو امام حسین ؑ سے قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کردیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق گہرا اور راسخ ہے۔ لہذا نبوت و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس معصوم ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے الہی‘ آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل کرے اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے اور ان پر واضح کردے کہ ہم حسینی ہیں جو ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔