کورونا وائرس کا شکار برطانوی وزیراعظم ہسپتال میں داخل
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اب بھی ہسپتال میں موجود ہیں اور رات بھی انہوں نے ہسپتال میں گزاری۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو بدستور کورونا وائرس کی علامتوں کا سامنا ہے اور وائرس کی تشخیص کے 10 روز بعد اب وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں تاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ (دفتر وزیراعظم) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی سربراہی انہی کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ بورس جانسن میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آئیسولیٹ کردیا گیا تھا تاہم بخار بدستور تیز رہنے پر ڈاکٹروں نے ان کے کچھ اور ٹیسٹس کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر انہیں اتوار کی رات ہسپتال لے جایا گیا۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اپنے معالج کی ہدایت پر وزیراعظم آج رات مزید ٹیسٹ کروانے کے لیے ہسپتال میں داخل ہوگئے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ ایک احتیاطی اقدام ہے کیوں کہ وزیراعظم کو کورونا وائرس کی تشخیص کے 10 روز گزرنے کے باوجود کورونا وائرس کی علامتوں کا سامنا ہے‘۔
یاد رہے کہ 55 سالہ بورس جانسن کو 27 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور یوں وہ اس وبا سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے برسر اقتدار رہنما بن گئے تھے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے اب تک 48 ہزار 440 کیس سامنے آچکے ہیں جن میں 4 ہزار 943 کی موت ہوگئی جبکہ 299 صحتیاب ہوئے ہیں۔