افغانستان؛ طالبان کے حملے میں متعدد فوجی اہلکار ہلاک
افغانستان کے دو صوبوں میں سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان تصادم میں سات فوجی اور 19 طالبان مارے گئے جبکہ ایک فوجی اور تین بچے زخمی ہوئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، افغان حکومت کی صوبائی ترجمان واحدہ شاہکار نے میڈیا کو بتایا کہ پہلے واقعہ میں مشرقی صوبہ پروان میں جھڑپوں کے دوران افغان علاقائی فوج کے 7اہلکار اور 1 عسکریت پسند ہلاک جبکہ 1 فوجی زخمی ہوگیا۔
ترجمان نے کہا کہ ضلع سیاگرد میں مقامی وقت کے مطابق رات تقریبا2بجے لڑائی شروع ہوئی، جس میں 1 فوجی زخمی ہوا جبکہ طالبان کی جانب سے 2فوجیوں کے پکڑے جانے کا شبہ ہے۔
افغان علاقائی فوج کو دور دراز علاقوں میں دیہاتوں اور اضلاع کے تحفظ کے لئے تعینات کیا گیا ہے جہاں قومی فوج کی محدود موجودگی ہے۔ سرکاری افواج اور طالبان کے مابین 3روزہ جنگ بندی منگل کی رات کو ختم ہونے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق جنوبی زابل صوبے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم اور بعد میں شاه جوی ضلع میں ہونے والے فضائی حملے میں طالبان کے 18 افراد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے ذریعہ شاہ جوی میں متحدہ افغان سیکورٹی فورسز کی حفاظتی چوکی پر حملہ کے بعد صوبائی فوج نے تعاون کے لیے فضائیہ کو بلایا۔ علاقے میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے دوران تین بچے زخمی ہو گئے۔