وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کرونا وائرس کا شکار


وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کرونا وائرس کا شکار

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے ٹویٹر پیغام میں تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ  میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور طبی ہدایات کے مطابق میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

معاون خصوصی نے لکھا کہ تمام اختیاطی تدابیر اختیار کرلی ہیں۔ مجھے ہلکی سی علامات ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دیگر ساتھی اپنا بہترین کام جاری رکھیں، آپ بڑی تبدیلی لارہے ہیں اور مجھے آپ پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما سید امین الحق بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کی سابقہ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

اسپیکر مشتاق غنی کے خاندانی ذرائع نے ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ مشتاق غنی گھر پر قرنطینہ ہو گئے ہیں۔ شاہد آفریدی نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مداحوں سے دعا کی اپیل کی۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری