پاک - ایران تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں، ایرانی سفیر
اسلام آباد میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرکا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات برادرانہ اور دوستانہ ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ ایران پاک ایران سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ سرحدی سیکیورٹی مسائل کے حل کے لئے باہمی تعاون پر تیار ہیں۔
اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعہ کے روز کہا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر اپنے تعلقات استوار کئے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی علاقائی سرگرمیوں کے واضح پس منظر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس ملک نے خطے کے تحفظ اور سلامتی میں ہمیشہ مثبت اور موثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ تہران اور اسلام آباد کے مابین اعلی سطحی فوجی اور سلامتی دوطرفہ ملاقاتوں میں متعدد بار ذکر کیا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے خطرات کے خاتمے کے لئے مکمل طور پر تعاون کے لئے تیار ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ علاقائی سلامتی کے تحفظ اور بدامنی و عدم استحکام پیدا کرنے والے عوامل اور دہشتگرد گروہوں کی بیخ کنی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور اسے غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کرتا ہے۔