طالبان کا وفد آج شام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرے گا
پاکستانی دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وفد وزیر خارجہ کو طالبان اور امریکہ معاہدے پر عمل درآمد کی صورت حال سے آگاہ کرے گا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ افغان طالبان کا وفد ملا عبدالغنی کی قیادت میں وزارت خارجہ کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہنچا ہے۔
گزشتہ روز افغان طالبان کا اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان کے دورے پر پہنچا تھا۔ افغان طالبان کے وفد کو دورے کی دعوت وزارت خارجہ نے دی تھی۔
ملاقات میں بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ افغان طالبان کا وفد دوحا سے پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان کا وفد افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق بات چیت کرے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک ہفتے قبل افغانستان کے حوالے سے کہا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقین معمولی نوعیت کے امور کا حل یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل سے متعلق کامیابی، اجتماعی کاوش کے باعث ملی ہے اور موجودہ صورتحال تک آئی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان فریقین مزید تعطل کے بغیر وسیع ترمذاکراتی عمل کا آغاز کریں۔
وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ یہ تاریخی موقع ہے اور ہرممکن اندازمیں اس سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔
انہوں نے زور دے کرکہا تھا کہ اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔