شام؛ ترک فوج اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا "تل ابیض" پر حملہ
شامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ترک فوجوں اور ان کے کرائے کے شرپسندوں نے تل ابیض اور راس العین نامی علاقوں پر حملہ کرکے متعدد شہریوں کو اغوا کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شام میں ترک فوج اور اس کے حمایت یافتہ شرپسندوں نے شمالی الرقہ، راس العین اور تل ابیض کے رہائشی علاقوں پر مارٹرگولے داغے اور متعدد شہریوں کو اغوا کرلیا۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک فوج نے الحسکہ میں راس العین کے مضافات میں متعدد شہریوں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے قابض ترک افواج اور ان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے راس العین میں 6 شہریوں کو اغوا کرلیا ہے۔
ترک افواج نے تل ابیض میں واقع قزعلی ، قرنفل اور بئرعرب نامی گاؤں میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا اور متعدد لوگوں کے گھروں کو تباہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض ترک فورسز اور ان کے کرائے کے دہشت گردوں نے راس العین کے مضافاتی علاقے بئرنوح پر بھی گولے داغے ہیں۔