قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کر لیا


قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کر لیا

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، میاں شہباز شریف آج احتساب عدالت میں خود دلائل دیں گے، شہباز شریف نے اپنے کیس کیلئے کسی وکیل کی خدمات نہیں لی ہیں۔

دوسری جانب شہباز شریف کی لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نون لیگی کارکنوں نے عدالت تک جانے کی کوشش کی جس پر ان کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی ہے۔

میاں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر اپنے لیڈر کا خیر مقدم کرنے کے لیے بڑی تعداد میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے احتساب عدالت لاہور جانے کی کوشش کی۔

پولیس کی جانب سے نون لیگی کارکنوں کو عدالت جانے سے روکا گیا جس پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، احتساب عدالت کے ارد گرد پولیس نے بیریئرز لگا کر ملحقہ سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔

احتساب عدالت لاہور کے اطراف کی سڑکیں بند ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ، شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ اور سینئر نون لیگی رہنما خواجہ آصف بھی عدالت پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد میاں شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

شہباز شریف کو آمدن سے زیادہ اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں آج احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جا رہا ہے، اس موقع پر نیب حکام شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری