سعودی عرب کا نواز شریف سے عمران خان کی حکومت گرانے کا مطالبہ
نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی عمران خان ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے نواز شریف سے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ہماری جان چھڑائیں۔
تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سینیئر صحافی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ نون لیگ کے قائد کو ملک سے باہر لے جانے میں بھی سعودی عرب کا ہی کردار ہے۔
سعودی عرب وزیراعظم عمران خان سے سخت ناراض ہے اور میاں نواز شریف کو سعودی عرب نے باقاعدہ ہدایت کی ہے کہ ہماری اس سے جان چھڑائیں۔
معروف اینکر اور سینیئر صحافی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ برس جب عمران خان ترکی، ملائیشیا اور ایران کیساتھ قربتیں بڑھا رہے تھے، تب سعودی عرب کو تمام معاملات کی تفصیلات موصول ہوگئی تھیں۔ اس کے بعد سعودی عرب وزیراعظم عمران خان سے شدید ناراض ہوگیا تھا۔
سعودی عرب اس قدر ناراض تھا کہ کہا گیا کہ عمران خان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتے۔ سعودی عرب نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی ہمارے ملک میں کام کرتے ہیں، لیکن آپ قربتیں دوسرے ممالک کیساتھ بڑھا رہے ہیں۔
سعودی عرب نے سابق آرمی چیف راحیل شریف اور اسٹیبلشمنٹ سے بھی اس حوالے سے بات کی۔ اس تمام صورتحال میں سعودی عرب کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے نواز شریف کو باہر بھجوایا گیا۔
اینکر عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نواز شریف پر بہت زیادہ بھروسہ کرتا ہے۔ یمن معاملے پر بھی جو اختلافات ہوئے تھے، بعد میں وہ کلیئر کر لیے گئے تھے۔ سینیئر صحافی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جس مقصد کیلئے نکالا گیا تھا، اب ان سے وہ مقصد پورا کرایا جا رہا ہے۔ نواز شریف سے کہا گیا ہے کہ ہماری عمران خان کی مصیبت سے جان چھڑوائی جائے۔