نوازشریف سمیت لیگی قیادت کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے میں حکومت ملوث نہیں، پولیس
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق میڈیا میں تھانہ شاہدرہ میں درج مقدمے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں حالانکہ درحقیقت یہ مقدمہ شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا کیا گیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہےکہ تھانہ شاہدرہ میں نواز شریف سمیت لیگی قیادت کے خلاف درج ہونے والا مقدمہ ریاست یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے نہیں بلکہ یہ مقدمہ ایک پرائیویٹ شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہےکہ درخواست پر حسب ضابطہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے شاہدرہ پولیس نے تحریر کے مطابق جو قانون کی دفعات بنتی ہیں ان کے تحت مقدمہ کا اندراج عمل میں لایا گیا۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس مقدمے کے تمام پہلوؤں اور قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر تفتیش کی جارہی ہے، تفتیش کے دوران جس فرد یا افراد کےخلاف قابل دست اندازی جرم سرزد ہونے کے ثبوت ملے تو صرف انہی افراد کے خلاف قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گاجب کہ مقدمہ میں انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج کیا گیا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔