اربعین حسینی مہم سے حکام سخت خوف زدہ، متعدد شیعہ نوجوان گرفتار
پاکستان بھر میں جاری اربعین حسینی کی مہم سے دشمن خوفزدہ، بے گناہ گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ڈپٹی کمشنر خانیوال ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم شیعہ دشمنی پر اُتر آئے، ایک دن میں بیس سے زائد شیعہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
خانیوال پولیس تھانہ عبدالحکیم کی حدود میں چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں داخل ہوگئی اور گھروں میں سوئے افراد کو زبردستی گرفتار کرلیا، رات گئے اطلاع کے مطابق مقامی افراد کا کہنا تھا کہ انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔
دوسری جانب شیعہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوس ہر حال میں نکلیں گے، دشمن اپنے جتنے حربے آزمانا چاہتا ہے آزما لے، عزاداری سید الشہداء نہ کبھی ماضی میں رکی ہے اور نہ اب رکے گی۔
اطلاعات کے مطابق رات گئے جن نوجوانوں کو اُٹھایا گیا ہے ان میں سبطین، عاصم، قیصر، اختر کھرل، عدیل کھرل اور دیگر شامل ہیں، جبکہ اس سے پہلے دن میں مذاکرات کے بہانے سے دھوکے سے بلائے گئے تین شیعہ جوانوں کو اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو 16 ایم پی او کے تحت اُٹھایا گیا جبکہ گرفتار نوجوانوں کو ڈسٹرکٹ جیل خانیوال منتقل کیا جا رہا ہے۔